ابوظہبی میں کھلاڑیوں کا قرنطینہ شروع ، نسیم شاہ و دیگر آج پہنچیں گے

ابوظہبی میں کھلاڑیوں کا قرنطینہ شروع ، نسیم شاہ و دیگر آج پہنچیں گے

پاکستان سپر لیگ سیزن 6کے بقیہ میچز میں شرکت کیلئے ابوظبی پہنچنے والے افراد کا قرنطینہ شروع ہوگیا، لاہور اور کراچی میں رہ جانے والے افراد آج یا کل خصوصی طیارے سے ابوظبی پہنچیں گے ۔
پی سی بی ترجمان نے نمائندہ جسارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ، لاہور سے خصوصی پروازوں سے ابوظبی پہنچنے والے افراد کا قرنطینہ شروع ہوگیا ہے۔

ان افراد کو7روز کا قرنطینہ کرنا ہے تاہم پی سی بی کوشش کررہا ہے کہ تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے قرنطینہ کا دورانیہ کم کردیا جائے کیونکہ یہ افراد پاکستان میں قرنطینہ کا ہی حصہ تھے ۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رہ جانے والوں میں10سے زیادہ کھلاڑی بھی شامل ہیں ، ویزہ ملتے ہی خصوصی طیارے سے ابوظبی پہنچ جائیں گے ۔
اس کے علاوہ لاہور کے ہوٹل میں قرنطینہ کرنے والے افراد پہلے خصوصی طیارے سے کراچی پہنچیں گے اورکراچی میں موجود افراد اسی طیارے میں ان کو جوائن کریں گے اور پھر ابوظبی پہنچیں گے ۔
واضح رہے کہ پی سی بی تاحال پی ایس ایل کے بقیہ 20میچز کے شیڈول کا اعلان نہیں کرسکا ہے ۔

دریں اثنا مصدقہ اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارلحکومت ابوظبی میں پی ایس ایل کے میچز نہ ہونے کا معلوم ہونے پر وزارت خارجہ کو پاکستان کے وزیر خارجہ نے فوری یو اے ای کی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کرانے کا کہا جو کامیاب رہی اور بعد ازاں دونوں بورڈ ز کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا۔
اس طرح شاہ محمود قریشی کی ذاتی دلچسپی سے ایونٹ کا انعقاد ممکن ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں