سابق قومی کپتان انضمام الحق نے انگلینڈ کیخلاف آخری ٹیسٹ کو اہم قرار دیتے ہوئے قومی ٹیم کو بھرپور تیاری کا مشورہ دے دیا ۔ یو ٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تیسرے میچ میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی،دوسرا ٹیسٹ ڈرا کی جانب بڑھ رہا ہے تاہم حالیہ سیریز کی اہمیت اس لئے زیادہ ہے کیونکہ یہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور اگر یہ ٹیسٹ ڈرا ہو جاتا ہے تو پاکستان کو 13پوائنٹس مل جائیں گے جبکہ آخری ٹیسٹ میں کامیابی پر مز ید پوائنٹس ملنے سے قومی ٹیم کی پوزیشن اچھی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس میں اگلا میچ جیتنے کی صلاحیت موجود ہے مگر سب سے اہم چیز مربوط حکمت عملی ہوگی۔ پاکستان کے پاس سیریز میں اب کوئی چوائس نہیں رہی اور جیت کیلئے کھلاڑیوں کو ذمہ داری نبھانا ہوگی۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بڑی ٹیم کیخلاف فتح کیلئے چانس بھی لینا چاہئے ، بعض اوقات یہ ہوتا ہے کہ گرین شرٹس ایک اچھی پرفارمنس دکھا کر مطمئن ہو جاتے ہیں تاہم اس طرح نہیں چلے گا۔ ہمارے پاس ایسے بیٹسمین موجود ہیں جو زبردست سٹروک کھیلتے ہیں لہٰذا بیٹسمینوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں ۔

“انضمام الحق کا قومی ٹیم کو اہم مشورہ” ایک تبصرہ