دبئی میں صحرائی زمین

دبئی میں صحرائی زمین پلاٹ ریکارڈ 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز میں فروخت

دبئی میں صحرائی زمین کا ایک ٹکڑا ریکارڈ قیمت پر فروخت ہوا ہے۔

24500 اسکوائر فٹ کی یہ زمین جیمرہ بے آئی لینڈ میں واقع ہے اور یہ 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز (9 ارب 48 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوئی۔

یہ پلاٹ 19 اپریل کو فروخت ہوا اور یہ دبئی میں فروخت ہونے والا اب تک کا سب سے مہنگا پلاٹ ہے۔

عام طور پر اس قیمت میں دبئی میں پرتعیش گھر خریدنا ممکن ہے مگر جیمرہ بے میں اس قیمت پر صرف ریت کو ہی خریدنا ممکن ہے جس کے بعد وہاں گھر تعمیر کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں سب سے مہنگا پلاٹ 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوا تھا۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک فیشن ڈیزائنر عمر کامانی نے یہ زمین گمنام فرد کو فروخت کی، جو وہاں اپنا خوابوں کا گھر تعمیر کرنا چاہتا ہے۔

عمر کامانی نے یہ زمین 2021 میں خریدی تھی اور اب 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز منافع کے ساتھ فروخت کر دی۔

دبئی میں زمین کی کمی کے باعث پوش علاقوں میں جائیدادوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور وہاں دنیا کے امیر ترین افراد زمین پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں