دورہ جنوبی افریقا،حفیظ اورعماد وسیم کی اسکواڈ میں واپسی کا امکان

دورہ جنوبی افریقا کے لیے قومی ٹیم میں سینئر آل رائونڈر محمد حفیظ اور اسپنر عماد وسیم کی اسکواڈ میں واپسی کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورہ جنوبی افریقا کیلیے چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)وسیم خان نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ہیڈکوچ مصباح الحق سے سے الگ الگ ملاقات کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وسیم خان نے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے دورہ جنوبی افریقا کے حوالے سے مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی عہدیداران کا ورچوئل اجلاس بھی مکمل ہو گیا جبکہ پروٹیز کے خلاف قومی ٹیم کا اعلان دو روز میں کیا جائے گا جبکہ محمد حفیظ، عماد وسیم کی اسکواڈ میں واپسی کا قوی امکان ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دورہ جنوبی افریقا کے تین ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی کھیلنے ہیں۔شیڈول کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا میچ دو اپریل کو سنچورین میں ہو گا، دوسرا جوہانسبرگ میں چار تاریخ کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی دس اپریل کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، دیگر میچز 12 اپریل، 14 اپریل اور 16 اپریل کو بالترتیب جوہانسبرگ، سنچورین میں کھیلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں