کرائسٹ چرچ میں موجود قومی اسکواڈٖ کے ایک رکن کے سوا تمام پلیئرزکچھ دیر بعد مینجڈ آئیسولیشن چھوڑدیں گے.
نیوزی لینڈ وزارت صحت نے پاکستان ٹیم کی آئسولیشن مدت مکمل ہونے کا اعلان کردیا جس کے بعد قومی اسکواڈ کے 52 اراکین پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کوئنزٹاون روانہ ہوں گے جبکہ ایک رکن جمعرات کو کوئنز ٹاؤن میں موجود اسکواڈ کو جوائن کرے گا.
قومی کرکٹرز مینجڈ آئسولیشن سے آزادی کے بعد کچھ دیر ہوٹل میں قیام کریں گے اور پھر کوئنزٹاؤن روانہ ہوجائیں گے اور مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے پہنچے گے.
قومی اسکواڈ کل سے ٹریننگ کا سلسلہ شروع کرے گا لیکن پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہینز الگ الگ ہوٹلز میں قیام کریں گی.
14روزہ آئیسولیشن میں قومی کرکٹرز کے 5 مرتبہ پی سی آر اور ایک مرتبہ بلڈ ٹیسٹ لیا گیا جبکہ پاکستانی کرکٹرز کو آئیسولیشن کے دوران ٹریننگ کی اجازت بھی نہیں دی گئی تھی.
دوسری جانب وزارت صحت نیوزی لینڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں 6 ایکٹیو کیسز میں سے 5 صحت یاب ہوگئے.
واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے 53 رکنی اسکواڈ کا کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں قومی ٹیم کے 6 ارکان کا کورونا مثبت آیا تھا.