سوڈان میں فوج اورپیراملٹری فورس کے درمیان خانہ جنگی کے باعث غیر ملکی سفارت کاروں اور شہریوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔
سعودی عرب، امریکا، فرانس، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی اور افریقی ممالک نےبھی اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو سوڈان سے نکال لیا۔
سعودی عرب نے ہفتے کو اپنے 91 اور دیگر ممالک کے 66 شہری سوڈان سے نکالے جبکہ امریکا نے خرطوم سے 100 کے قریب سفارتی عملے کو نکال لیا
تاہم دوہری شہریت کے حامل افراد سمیت ہزاروں امریکی شہری اب بھی سوڈان میں موجود ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فرانس نے دو مرحلوں میں 200 افراد کو سوڈان سے نکالا، برطانیہ نے بھی اپنے سفارتی عملے اور ان کی فیملی کو نکال لیا۔
غیرملکیوں کو فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے نکالا جا رہا ہے، خرطوم ریجن کے ائیرپورٹ سے انخلا پیچیدہ آپریشن کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
خیال رہےکہ سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورسز کی جھڑپوں میں اب تک400 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی بھی ہوئے،
جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں میں 5 امدادی کارکن بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق فوج اور پیراملٹری فورسز کی جھڑپوں کے دوران زیادہ تر زیادہ تر خواتین اور بچوں پر مشتمل 20 ہزار افراد سرحد پار چاڈ میں حفاظت کے لیے سوڈان سے فرار ہو چکے ہیں۔