
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی توجہ اپنی کارکردگی پر مرکوز ہے، وہ پاکستانی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے.
دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ مشکل انگلش کنڈیشنز میں ڈرا سیریز بھی جیت کے برابر ہے، 2016ء میں کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، دونوں انگلینڈ کے ماحول کا بہترین تجربہ رکھتے ہیں .
کھلاڑیوں کو اچھی ٹیم مینجمنٹ کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے، کس سیشن میں کس حکمت عملی کے ساتھ کھیلنا ہے اس کیلئے پلیئرز کی بھرپور رہنمائی کرنے والے کوچز موجود ہیں، امید ہے کہ ٹیم بیٹنگ اور بولنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
انہوں نے بابر اعظم کے حوالے سے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ نوجوان بلے باز نے کوئی اضافی دبائو لیا بلکہ کپتانی بھی ان کے کھیل پر اثر انداز نہیں ہوئی، بابر کی توجہ اپنی کارکردگی پر مرکوز ہے، انہیں بجا طور پر پاکستانی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جا سکتا ہے، آنے والے وقت میں وہ تن تنہا پاکستان کو میچز جتوائیں گے