نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اسکواڈ آکلینڈ پہنچ گیا.

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 18دسمبرکو کھیلا جائے گا جس کے لیے نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹی20 اسکواڈ آکلینڈ پہنچ گیا، اسکواڈ کوئنز ٹاؤن سے بذریعہ پروازآکلینڈ پہنچا ہے تاہم قومی اسکواڈ کل سے آکلینڈ میں ٹریننگ کا آغاز کرے گا.

دوسری جانب پاکستان شاہینز کی کرکٹ ٹیم نے وانگرائے میں ٹریننگ شروع کردی، کھلاڑیوں نے 3 گھنٹے سے زائد وقت کے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا جس میں قومی کرکٹرز نے نیٹ سیشن میں باؤلنگ اور بیٹنگ کی مشقوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں نے ٹریننگ کے پہلے روز بھرپور فیلڈنگ ڈرلز کیں.

یاد رہے کہ پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کا واحد 4 روزہ میچ 17 دسمبر سے شروع ہوگا.

نیوزی لینڈ اے اور پاکستان شاہینز کے درمیان پہلا 4 روزہ کرکٹ میچ منسوخ ہوگیا تھا اوراس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ بورڈ نے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا تھا.

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ میں مودود ہے جہاں قومی ٹیم نے دسمبر 2020 اور جنوری 2021 میں نیوزی لینڈ کے ساتھ 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی میچ 18، 20 اور 22 دسمبر کو آکلینڈ، ہملٹن اور نیپیئر میں ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے تاورنگا میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا میچ کرائسٹ چرچ میں 3 جنوری سے شروع ہوگا۔

تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستانی وقت کے مطابق دن 12 بجے شروع ہوں گے۔ ٹیسٹ میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بجے شروع ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں