لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کو معاہدہ ختم ہونے سے قبل ہی ایک سال کی توسیع دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کی منظوری فروری کے آخری ہفتے کے دوران ہونے والے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں لیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے وسیم خان کی خدمات دسمبر 2018 میں حاصل کی تھیں کرکٹ بورڈ کا ان کے ساتھ تین سالہ معاہدہ رواں سال دسمبر میں ختم ہو گا۔
معاہدہ ختم ہونے میں ابھی لگ بھگ دس ماہ باقی ہیں لیکن وسیم خان ابھی سے معاہدے میں ایک سالہ توسیع کے خواہشمند ہیں۔
گذشتہ دنوں پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کے مابین اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔
وسیم خان نے بھی گذشتہ دنوں معاہدے میں توسیع کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے گیند گورننگ بورڈ کے کورٹ میں پھینک دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے انڈیپینڈنٹ ڈائریکٹرز کو اعتماد میں لیا جا چکا ہے۔ انڈیپینڈنٹ ڈائریکٹرز وسیم خان کے معاہدے میں توسیع کی منظوری دیں گے۔ پی سی بی کے موجودہ گورننگ بورڈ نامزدگیوں سے بھرپور ہے۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ وسیم خان کے معاہدے میں توسیع کے حوالے سے تمام ضروری کام کر چکا ہے۔ معاہدے میں توسیع کی رسمی کارروائی باقی ہے۔ کرکٹ بورڈ میں عمومی طور پر کوئی بھی معاہدہ ختم ہونے یا ختم ہونے کے قریب ہو تو گورننگ بورڈ سے توسیع لی جاتی ہے اگر گورننگ بورڈ وسیم خان کو ایک سال کی توسیع دیتا ہے تو یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہو گا۔