انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر معین علی نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریںگے، پاکستان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی کامیابی کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، ان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے، مہمان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے باوجود ٹی ٹوئنٹی سیریزکو آسان نہیں لیں گے،ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف ابتدائی ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ معین علی نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور گرین شرٹس کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کو ابتدائی میچ میں شکست دے کر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔
