پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں امام الحق، بلال آصف اور کامران غلام کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ عمران بٹ، شاہنواز دھانی، حارث رؤف اور یاسر شاہ کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 نومبر سے چٹاگانگ جبکہ دوسرا ٹیسٹ چار دسمبر سے ڈھاکا میں ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق اوپنر امام الحق، مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام اور آف اسپنر بلال آصف اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
امام الحق کو قائد اعظم ٹرافی میں عمدہ پرفارمنس دکھانے پر قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے، انہیں یاسر شاہ کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یاسر شاہ انگوٹھے کی انجری کا شکار ہیں۔
ساتھ ساتھ دورہ ویسٹ انڈیز سے محروم رہنے والے کامران غلام دوبارہ قومی اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔
وہ اس وقت پاکستان شاہینز کے ساتھ سری لنکا میں ہیں جہاں دو اننگز میں 58 ناٹ آؤٹ اور 45 رنز بنائے۔