
پاکستان کے خلاف ساوٹھمپٹن میں جاری تیسرے اور آخری ٹسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کے بلے باز زک کرولی نے 541 منٹ میں 393 بالوں پر34 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 267 رن بنائے جو کسی بھی قسم کے کرکٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور ہونے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف دوسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
دائیں ہاتھ سے ٹاپ آڈر میں بلے بازی کرنے والے زک کرولی کا اس سے پہلے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور76 تھا کو انہوں نے اسی سیزن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اسی میدان پر170 منٹ میں 127 بالوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں انکا پچھلا سب سے زیادہ اسکور 168 اور ایک روزہ کرکٹ میں 120 تھا۔
یہ بھی پڑھیں انگلینڈ میں فائٹ کرنے نہیں جیتنے کیلئے آئے ہیں۔ یونس خان
انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور کرنے کا اعزاز ڈینس کامپٹن کے پاس ہے جنہوں نے ناٹنگھم میں جولائی1954 میں 287 منٹ میں 34 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 278 رن بنائے تھے۔
ٹسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری کو ڈبل سنچری میں تبدیل کرنے والے زک کرولی انگلینڈ کے ساتویں اور کل ملاکر38 ویں بلے باز ہیں۔ انکا اسکور پہلی مرتبہ سنچری بنانے والوں میں ساتواں سب سے زیادہ ہے۔ویسٹ انڈیز کے گیری سوبرس، آسڑیلیا کے بابی سمپسن اور ہندوستان کے کرون نائیر ایسے تین بلے باز ہیں جنہوں نے اپنی پہلی سنچری کو ٹریپل سنچری میں تبدیل کیا تھا۔
گیری سوبرس نے پاکستان کے خلاف کنگسٹن میں مارچ 1958 میں ہوئے ٹسٹ میں 614 منٹ میں 38 چوکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 365 رن بنائے تھے۔ یہ اسکور کافی عرصہ تک ٹسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور بھی رہا تھا۔ بابی سمپسن نے انگلینڈ کے خلاف 762 منٹ میں 743 بالوں پر23 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 311 رن بنائے تھے۔
کرون نائیر نے انگلینڈ کے خلاف چنئی میں دسمبر2016 میں 565 منٹ میں 381 بالوں پر32 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر303 رن بنائے تھے۔

آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں دسمبر1903 میں انگلینڈ کے ٹپ فوسٹر نے اپنی پہلی سنچری میں 287 رن بنائے تھے۔ وہ419 بالوں پر37 چوکوں کی مدد سے ایسا کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ انکا اسکور پہلی سنچری میں بنایا گیا چوتھا سب سے زیادہ ہے۔
ویسٹ انڈیز کے برائین لارا جن کو ٹسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے بڑا سکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے جب اپنی پہلی سنچری بنائی تھی تو 474 منٹ میں 372 بالوں پر38 چوکوں کی مدد سے277 رن بنائے تھے۔
برائین لارا نے انگلینڈ کے خلاف سینٹ جونس میں اپریل 2004 کو کھیلے گئے میچ میں 778 منٹ میں 582 بالوں پر43 چوکوں اور چار چوکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر400 رن بنائے تھے جو ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔
ظہیر عباس نے انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں جون 1971میں اپنے دوسرے ٹسٹ میں 544 منٹ میں 467 بالوں پر38 چوکوں کی مدد سے274 رن بنائے تھے۔ یہ ٹسٹ کرکٹ میں انکی پہلی سنچری اور پہلی سنچری میں بنایا گیا چھٹا سب سے بڑا اسکور ہے۔ فیصل فیچرس