سریش رینا ریکارڈز کے آہینے میں

سید پرویز قیصر سنئیر اسپورٹس جرنلسٹ نئی دہلی

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں چار ہزار سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازوں میں سریش رینا کا اسٹرائیک ریٹ دوسرا سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ ہندوستان کی یوم آزادی کے دن بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔
بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے سریش رینا نے جو226 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے انکی 194 اننگوں میں 35.31 کی اوسط اور93.50 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پانچ سنچریوں اور36 نصف سنچریوں کی مدد سے 5615 رن بنائے۔ وہ 14 مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے۔ اس قسم کے کرکٹ میں انکا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر116 رہا جو انہوں نے کراچی میں 28 جون 2008 کو144 منٹ میں 107 بالوں پر گیارہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔سریش رینا نے اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ سری لنکا کے خلاف دمبولا میں 30 جولائی 2005 کو کھیلا تھا جبکہ انگلینڈ کے خلاف لیڈز میں 17 جولائی 2018 کو کھیلا تھا۔
ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے اچھا اسڑائیک ریٹ پاکستان کے شاہد آفریدی کا ہے۔ انہوں نے1996 اور2015 کے درمیان398 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی369 اننگوں میں 23.57کی اوسط اور117.00 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ چھ سنچریوں اور39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8064 رن بنائے۔ وہ 30 مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے۔ اس قسم کے کرکٹ میں انکا سب سے زیادہ اسکور 124 رہا جو انہوں نے دمبولا میں 21 جون 2010کو75 منٹ میں 60 بالوں پر17 چوکوں اورچار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔
سریش رینا نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 476 چوکے اور120 چھکے لگائے۔ انہوں نے2008 اور2015 کے درمیان 116 چھکے لگائے جو اس عرصہ میں ہندوستان کے لئے سب سے زیادہ اور کل ملاکر چوتھے سب سے زیادہ تھے۔ اس عرصہ میں سب سے زیادہ چھکے جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیرس نے لگائے تھے۔ وہ 144 مرتبہ بال کا باونڈری لائین کے باہر کی سیر کرانے میں کامیاب رہے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے کریس گیل اور نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم نے 140۔140 چھکے لگائے تھے۔
اتر پردیش کے شہر مراد نگر، غازی آباد میں 27 نومبر1986 کو پیدا ہوئے سریش رینا نے2010 اور2015 کے درمیان18 ٹسٹ میچ بھی کھیلے۔ انہوں نے ان18 ٹسٹ میچوں کی31 اننگوں میں 26.48 کی اوسط اور53.14 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے768 رن بنائے۔ 78 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی 66 اننگوں میں 29.18 کی اوسط اور134.87 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 1605 رن بنائے ہیں۔
سریش رینا ان 14 بلے بازوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے تینوں طرز کی کرکٹ، ٹسٹ، ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ اور ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریاں بنائی ہیں۔ وہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے ہندوستانی اور کل ملاکر گیارہویں بلے باز ہیں۔ انہوں نے319 ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی303 اننگوں میں 32.65 کی اوسط اور138.02 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ چار سنچریوں اور 51 نصف سنچریوں کی مدد سے 8392 رن بنائے ہیں۔ فیصل فیچرس

اپنا تبصرہ بھیجیں