سید پرویز قیصر سنئیر اسپورٹس جرنلسٹ نئی دہلی
مہندر سنگھ دھونی نے ہندوستان کی یوم آزدی کے موقع پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے لیا۔ وہ ٹسٹ اورایک روزہ بین الاقوامی میچوں سے دور تھے اور اس سال ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں شرکت کے بعد ریٹائر منٹ کے خواہش مند تھے۔ آسڑیلیا میں اس عالمی کپ کے ملتوی ہونے کے بعد انہوں نے اپنے گلوز اور بلے کو مکمل آرام دینے کا ٖفیصلہ کیا۔
مہند ر سنگھ دھونی نے 350 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے جس میں سے200 میچوں میں انہوں نے ٹیم کی قیادت کی۔ان میں سے 110میچوں میں انہیں کامیابی ملی،74 میں شکست ہوئی، پانچ میچ ٹائی رہے جبکہ11 میچ نامکمل رہے۔وہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں دوسرے سب سے کامیاب کپتان ہیں۔ اس قسم کے کرکٹ میں سب سے کامیاب کپتان آسڑیلیا کے ریکی پونٹنگ ہیں جنہوں نے 2002 اور2012 کے درمیان 230 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سے 165 میں کامیابی حاصل کی۔51 میچوں میں شکست ہوئی، دو میچ ٹائی رہے جبکہ12 میچ نامکمل رہے۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی اور وکٹ کیپنگ کرنے والے اس کھلاڑی نے اپنا پہلاایک روزہ بین الاقوامی میچ بنگلہ دیش کے خلاف چٹا گانگ میں 23 دسمبر 2004 میں کھیلا تھاجبکہ مانچسٹر میں 10 جولائی2019 کو وہ اپنا آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ نیوزی لینڈکے خلاف کھیلے تھے۔ کل ملاکر انہوں نے جو350ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے انکی297 اننگوں میں 50.57کی اوسط اور87.56 کی اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دس سنچریوں اور73 نصف سنچریوں کی مدد سے10773 رن بنائے۔ وہ دس مرتبہ اپنا کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے۔ ایک وکٹ کیپر کی حیثیت سے انہوں نے345 اننگو ں میں 444 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا جس میں 321 کو وہ کیچ اور123کو اسٹمپ کرنے میں کامیاب رہے۔ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں وہ تیسرے سب سے کامیاب وکٹ کیپر ہیں۔وہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے وکٹ کیپر بھی ہیں۔

اس فہرست میں پہلا مقام سری لنکا کے کمار سنگا کارا کے پاس ہے جنہوں نے2000 اور2015 کے درمیان ایک وکٹ کیپر کی حیثیت سے جو 360 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی340 اننگوں میں 43.74کی اوسط اور80.15 کی اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ23سنچریوں اور91 نصف سنچریوں کی مدد سے13341 رن بنائے۔ وہ 14 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے تھے۔کمار سنگا کارا نے 353 اننگوں میں 482 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا ہے جس میں 383 کو انہوں نے کیچ اور99 کو اسٹمپ کیا ہے۔ وہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کامیاب وکٹ کیپر ہیں۔
کپٹن کول کے نام سے مشہور مہندر سنگھ دھونی سات جولائی1981کو بہار کے شہر رانچی میں پیدا ہوئے تھے جو اب جھار کھنڈ کی راجدھانی ہے۔مہندر سنگھ دھونی نے 60 ٹسٹ میچوں میں ہندوستان کی قیادت کی جس میں 27 میں انہیں جیت ملی،18 میں شکت ہوئی جبکہ15 ٹسٹ برابر رہے۔ وہ سب سے زیادہ ٹسٹ میچوں میں کپتانی کرنے والے ہندوستانی بھی ہیں۔ فیصل فیچرس