چیتن چوہان68 اننگوں میں سنچری بنانے میں ناکام رہے


سید پرویز قیصر سنئیر اسپورٹس جرنلسٹ نئی دہلی

ہندوستان کے سابق افتتاحی بلے باز چیتن چوہان جن کا کرونا کی وجہ سے 16 اگست کو73 سال کی عمر میں انتقال ہوا،40 ٹسٹ میچوں کی68 اننگوں میں سنچری بنانے میں ناکام رہے تھے۔
چیتن چوہان نے سنیل گواسکر کے ساتھ1973 اور 1981 کے درمیان افتتاحی وکٹ کے لئے59 اننگوں میں دس سنچریوں اور اتنی ہی نصف سنچریوں کی مدد سے53.75 کی اوسط کے ساتھ3010 رن بنائے تھے۔ اس جوڑی کے رن ہندوستان کے لئے تب سب سے زیادہ تھے۔ بعد میں گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ کی جوڑی نے ان سے زیادہ رن بناکر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ان دونوں نے 2004 اور2012 کے درمیان 87 اننگوں میں گیارہ سنچریوں اور 25 نصف سنچریوں کی مدد سے52.52 کی اوسط کے ساتھ4412 رن بنائے تھے۔ دو مرتبہ یہ دونوں کھلاڑی دو سو سے بڑی شراکت کرنے میں کامیاب رہے جس میں سری لنکا کے خلاف کانپور میں نومبر 2009 میں ہوئی233 رن کی شراکت سب سے بڑی تھی۔اس ٹسٹ میں ہندوستان نے ایک اننگ اور144 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔
چیتن چوہان اور سنیل گواسکر نے ایک مرتبہ دو سے سے بڑی شراکت کی۔ ان دونوں کی سب سے بڑی شراکت اوول میں انگلینڈ کے خلاف اگست 1979 میں ہوئی تھی تب ان دونوں نے میچ کی چوتھی اننگ میں 213 رن جوڑے تھے۔یہ ٹسٹ بغیر کسی فیصلہ کے ختم ہوا تھا۔
چیتن چوہان نے اپنا پہلا ٹسٹ نیوزی لینڈ کے خلاف ممبئی میں ستمبر1969 کو کھیلا تھا جبکہ اسی ٹیم کے خلاف وہ مارچ 1981میں آکلینڈ میں اپنا آخری ٹسٹ کھیلے تھے۔ انہوں نے کل40 ٹسٹ میچوں کی 68 اننگوں میں 31.57 کی اوسط کے ساتھ 16 نصف سنچریوں کے ساتھ2084 رن بنائے۔ وہ چھ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولے بغیر بھی آوٹ ہوئے۔ دو مرتبہ وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ آسڑیلیا کے خلاف جنوری 1981 میں وہ 342 منٹ میں 227 بالوں پر گیارہ چوکوں کی مدد سے97 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جبکہ پاکستان کے خلاف کراچی میں اکتوبر 1978میں وہ93 رن بنانے کی بعد سنچری سے محروم رہے تھے۔
دائیں ہاتھ کے اس بلے باز کے رن ٹسٹ کرکٹ میں کسی سنچری کے بغیر دوسرے سب سے زیادہ ہیں۔ سنچری کے بغیر سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ آسڑیلیا کے مشہور لیگ اسپنر شین وارن کے پاس ہے جنہوں نے1992 اور2007 کے درمیان145 ٹسٹ میچوں کی199 اننگوں میں 17.32 کی اوسط کے ساتھ12 نصف سنچریوں کی مدد سے 3154 رن بنائے تھے۔34مرتبہ صفر کا شکار ہوئے تھے اور انکا سب سے زیادہ اسکور99 رہا جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف پرتھ میں نومبر 2001 میں 213 منٹ میں 157 بالوں پر دس چوکوں کی مدد سے بنایا تھا۔
اتر پردیش کے شہر بریلی میں 21 جولائی1947 کو پیدا ہوئے چیتن چوہان نے سات ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ پاکستان کے خلاف کوئٹہ میں یکم اکتوبر 1978 کو کھیلا تھا جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن میں 15 فروری 1981 کو انہوں نے اپنا آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔ فیصل فیچرس

اپنا تبصرہ بھیجیں