ڈیون براوو ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں پانچ سو وکٹ لینے والے پہلے بالر

سید پرویز قیصر سنئیر اسپورٹس جرنلسٹ نئی دہلی

ڈیون براوو ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں پانچ سو وکٹ حاصل کرنے والے پہلے بالر بن گئے ہیں۔ انہوں نے ٹرنباگو نائیٹ رائیڈرس کی جانب سے سینٹ لوسیا زوکس کے خلاف پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے کرینین پریمیر لیگ کے میچ میں رہکیم کورنوال کو آوٹ کرکے یہ سنگ میل اپنے 459 ویں ٹونٹی ٹونٹی میچ کی440 ویں اننگ کے دوران عبور کیا۔

دائیں ہاتھ سے تیز بالنگ کرانے والے ڈیون براوو نے اپنا پہلا ٹونٹی ٹونٹی میچ ویسٹ انڈیز کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف16 فروری2006 کو کھیلا تھا۔ ان کو پانچ سو وکٹ لینے میں 14سال اور192 دن کا وقت لگا۔ابھی تک انہوں نے جو 459  ٹونٹی ٹونٹی نیچ کھیلے ہیں انکی 440 اننگوں میں 8959 بالوں پر12316رن دیکر24.58 کی اوسط اور17.88 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ501 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔

وہ گیارہ مرتبہ ایک اننگ میں چار یا اس سے زیادہ وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں۔ انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چار اوور میں 23 رن دیکر پانچ وکٹ ہے جو انہوں نے ٹرینڈاد اینڈ ٹوباگو ریڈ اسٹیل کی جانب سے جامیکا تالا وہاس کے خلاف پورٹ آف اسپین میں کریبین پریمیر لیگ کے سیمی فائنل میں 23 جولائی 2015 کو انجام دی تھی۔ اس کے علاوہ وہ ایک مرتبہ اور ایک میچ میں پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ملبورن رینی گیڈس کی جانب سے ہوبرٹ ہری کینس کے خلاف  ہوبرٹ میں 21 دسمبر2017 کو بگ بیش کے میچ میں انہوں نے چار اوور میں 28 رن دیکر پانچ وکٹ حاصل کئے تھے۔ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں ڈیون براوو کا کفائتی ریٹ8.24 رن فی اوور ہے۔ ڈیون  براوو ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں تین سو اور چار سو وکٹ حاصل کرنے والے بھی پہلے بالر تھے۔

انہوں نے تین سواں وکٹ اگست 2014 میں حاصل کیا تھا جبکہ چار سواں وکٹ وہ دسمبر 2017 میں لینے میں کامیاب رہے تھے۔ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سو وکٹ لینے والے پہلے بالرڈرک نانیز تھے انہوں نے ایسا 2010 میں کیا تھا۔ وہ2013 میں دو سو وکٹ حاصل کرنے والے پہلے بالر بھی بنے تھے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے  71 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں 59 وکٹ حاصل کرنے والے ڈیون براوو  ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے معاملے میں کیرون پولارڈ کے بعد دوسرے مقام پر ہے۔ کیرون پولارڈ نے504 ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں شرکت کی ہے۔ ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں ڈیون براوو کے علاوہ کوئی دوسرا بالر چار سو وکٹ بھی نہیں لے سکا ہے۔

اس فہرست میں دوسرا مقام سری لنکا سے تعلق رکھنے والے لاستھ ملنگا کا ہے جنہوں نے 2004 اب تک  جو295  ٹونٹی ٹونٹی نیچ کھیلے ہیں انکی 289 اننگوں میں 6508 بالوں پر7680رن دیکر19.69 کی اوسط اور16.68 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ390 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ وہ پندرہ مرتبہ ایک اننگ میں چار یا اس سے زیادہ وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں۔ انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چار اوور میں سات رن دیکر چھ وکٹ ہے جو انہوں نے ملبورن اسٹارس کی جاب سے پرتھ اسکورچرس کے خلاف پرتھ میں 12 دسمبر2012 کو انجام دی تھی۔ اس کے علاوہ چار مرتبہ اور وہ ایک اننگ میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔   فیصل فیچرس

اپنا تبصرہ بھیجیں