نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان ری شیڈول کیے جانے سے متعلق تصدیق کردی۔
نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق پاکستان کا دورہ ری شیڈول کرنے کے لیے کیوی بورڈ پی سی بی کے ساتھ رابطے میں ہے اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو پی سی بی کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ میڈیا کا کہنا ہے کہ فیوچر ٹورز پروگرام ( ایف ٹی پی) 2023 مکمل ہونے سے قبل دونوں بورڈز منسوخ دورے کو دوبارہ شیڈول کرنے پر رضامند ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے تک نیوزی لینڈ کی طرف سے اچھی خبر ملنے والی ہے، نیوزی لینڈ دورہ منسوخی کو دوبارہ شیڈول کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ گز شتہ ماہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز کھیلی جانی تھی تاہم نیوزی لینڈ نے میچ سے محضآدھا گھنٹہ قبل سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دورہ ملتوی کردیا تھا۔