ایشان کشن انڈین پریمیر لیگ میں ہوئے 99کا شکار

ایشان کشن ممبئی انڈینس کی جانب سے کھیلتے ہوئے رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف دوبئی میں کھیلے گئے میچ میں صرف ایک ر ن کی کمی کی بدولت انڈین پریمیر لیگ میں اپنی پہلی سنچری سے محروم رہے اور ایک بال قبل58 بالوں پر دو چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے99 رن بناکر آوٹ ہوئے۔
اگر وہ اپنی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوجاتے تو انکی ٹیم میچ بھی جیت جاتی۔ انکے99 رن پر آوٹ ہونے کی وجہ سے میچ ٹائی ہوا اور سپر اوور میں رائل چیلنجرس بنگلور نے جیت حاصل کرلی۔
بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے ایشان کشن نے اس میچ سے پہلے انڈین پریمیر لیگ میں 37 میچوں میں کوئی سنچری اسکور نہیں کی تھی مگر76 ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں وہ دو سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں تیرہویں انڈین پریمیر لیگ کا سواں چھکا
ایشان کشن انڈین پریمیر لیگ میں 99کا شکارہونے والے پانچویں بلے باز ہیں۔ انڈین پریمیر لیگ میں صرف ایک رن سے سنچری سے محروم رہنے والے پہلے کھلاڑی سریش رینا تھے جو چنئی سپر کنگس کی جانب سے سن رائزرس حیدرآؓباد کے خلاف حیدرآؓباد میں 8 مئی2013 کو ہوئے میچ میں 81 منٹ میں 52 بالوں پرگیارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 99 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے۔
اس میچ میں چنئی سپر کنگس کو77 رن سے جیت ملی تھی۔اننگ کی آخری بال پر سریش رینا کو سنچری کے لئے پانچ رن درکار تھے مگر وہ چوکا ہی لگاسکے۔
اس میچ کے دو دن بعد وراٹ کوہلی 99کا شکارہوئے تھے۔ رائل چیلنجرس بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہوئے دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف دہلی میں ہوئے میچ میں وراٹ کوہلی80 منٹ میں 58 بالوں پر دس چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے اننگ کی آخری بال پر سواں رن لینے کی کوشش میں 99 رن بناکر رن آوٹ ہوئے تھے۔ اس میچ میں رائل چیلنجرس بنگلور نے چار رن سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
دہلی کیپٹکس کے پرتھوی شاء کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف دہلی میں 30 مارچ2019 کو92 منٹ میں 55 بالوں پر12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے99 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ دہلی کیپٹلس نے میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں کامیابی حاصل کی تھی۔
کنگس الیون کی جانب سے کھیلتے ہوئے رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف موہالی میں 13 اپریل2019 کو کھیلے گئے میچ میں کریس گیل 104 منٹ میں 64 بالوں پر دس چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے99 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے۔اننگ کی آخری بال پر کریس گیل کو اپنی سنچری مکمل کرنے کے لئے پانچ رن درکار تھے۔ محمد سراج کی اس بال پر اس طوفانی بلے باز نے چوکا لگایا جس کی وجہ سے وہ ایک رن سے اپنی سنچری مکمل نہیں کرسکے۔ رائل چیلنجرس بنگلور نے اس میچ میں آٹھ وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔
کریس گیل کو انڈیں پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 125 میچوں کی124 اننگوں میں چھ سنچریاں اسکور کی ہیں۔
اگر وہ 99 رن بناکر ناٹ آوٹ رہنے کے بجائے سنچری مکمل کر لیتے تو انکی سنچریوں کی ٹعداد سات ہوجائی۔انڈین پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے وراٹ کوہلی سنچریاں بنانے میں دوسرے مقام پر ہیں۔ انہوں نے 180 میچوں کی172 اننگوں ا میں پانچ سنچریاں بنائی ہیں۔ وہ ایک مرتبہ99 رن کا شکار بھی بنے ہیں۔ فیصل فیچرس