حیدر آباد کو مسلسل دوسری شکست
آئی پی ایل 2020 کے آٹھویں میچ میں کے کے آر اوپنر شبمن گل کے ناٹ آؤٹ 70 رنز کی بدولت کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے سنرائزرس حیدر آباد کو بہ آسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔
کولکاتا کی جانب سے ایان مورگن نے بھی 29 گیندوں پر بہترین 42 رنوں کی اننگ کھیلی اور وہ بھی آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔
ابتدا میں حیدر آباد نے کولکاتا کو اس وقت کچھ پریشانی میں ضرور ڈال دیا تھا جب دوسرے ہی اوور میں سلامی بلے باز سنیل نرائن کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔
اس کے بعد خطرناک نظر آ رہے نتیش رانا بھی 26 رن بنا کر پانچویں اوور میں ہی آؤٹ ہو گئے۔

پھر جب راشد خان نے اپنے پہلے اوور میں کولکاتا کے کپتان دنیش کارتک کو صفر پر آؤٹ کر دیا تو ایسا محسوس ہوا جیسے میچ کافی دلچسپ ہوگا، لیکن مین آف دی میچ شبمن گل اور ایان مورگن نے اس کے بعد کوئی وکٹ نہیں گرنے دیا اور 18 اوور میں ہی ٹیم کو کامیابی دلا دی۔
حیدر آباد کی جانب سے کوئی گیندباز ایسا نظر نہیں آیا جس نے کولکاتا کو مشکل میں ڈالا ہو۔
یہ بھی پڑھیں سن رائزرس حیدرآباد نے14 میں سے سات میچ جیتے ہیں
محمد نبی نے حالانکہ 4 اوور میں محض 23 رن دیے لیکن انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ راشد خان نے بھی کچھ اچھی گیندبازی کی اور انھوں نے 4 اوور میں 25 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ بھونیشور کمار نے 3 اوور میں 23 رن (کوئی وکٹ نہیں)، خلیل احمد نے 3 اوور میں 28 رن (ایک وکٹ) اور نٹراجن نے 3 اوور میں 27 رن (ایک وکٹ) خرچ کیے جب کہ ابھشیک شرما نے ایک اوور میں ہی 11 رن لٹا دیے۔ حیدر آباد نے کوئی بہت بڑا اسکور بھی کھڑا نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے گیندبازوں کو مقابلہ کرنے کا موقع نہیں ملا
اس سے پہلے حیدر آباد کی جانب سے منیش پانڈے نے شاندار نصف سنچری بنائی ۔ انہوں نے 38 گیندوں میں 51 رن کی اننگز کھیلی ۔ اس کے علاوہ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 36 رن بنائے جبکہ وردھمان ساہا نے 30 رنوں کی اننگز کھیلی ۔ علاوہ ازیں جانی بیرسٹو نے پانچ رن ، محمد نبی نے گیارہ رن اور ابھیشیک شرما نے دو رن بنائے ۔ کولکاتہ کی جانب سے پیٹ کمنس ، ورون چکرورتی اور آندرے رسل نے ایک ایک وکٹ لئے ۔