علیم ڈار کا سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ کاعالمی ریکارڈ

علیم ڈار کا سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ

سید پرویز قیصر

پاکستان کے علیم دار ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا گیا دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ انکی امپائرنگ میں 210 واں تھا۔

اس سے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز جنوبی افریقہ کے روڈی کورٹزن کے پاس تھا جنہوں نے 1992 اور2010 کے درمیان 209 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے تھے۔

پاکستانی شہرجھنگ میں 6 جون1968 کو پیدا ہوئے 52 سالہ علیم سرور دارنے پہلی مرتبہ ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں امپائرنگ پاکستان اورسری لنکا کے درمیان گجراوالہ میں 16 فروری 2000 کو کی تھی۔ انہیں سب سے زیادہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ کرنے میں بیس سال اور257 دن کا وقت لگا۔

علیم دار نے سب سے زیادہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ انگلینڈ میں کی ہے۔ انہوں نے انگلینڈ میں 34 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ہیں۔

بنگلہ دیش میں وہ30 اورپاکستان میں 24 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ پاکستان میں غیر ملکی ٹیموں کی آمد نہ ہونے کی وجہ سے انکے گھریلو میچوں کی تعداد کافی کم ہے۔

جنوبی افریقہ میں انہوں نے 21آسڑیلیا اور ویسٹ انڈیز میں 17۔ 17، ہندوستان میں 15، نیوزی لینڈ میں 12، زمبابوے میں گیارہ، متحدہ عرب امارات میں نو، سری لنکا میں سات،آئیر لینڈ میں پانچ، کینیا میں دو اور اسکاٹ لینڈ میں واحد ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں امپائرنگ کی ہے۔

210 میں سے 36 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں وہ پاکستان کے امپائر تھے جبکہ173 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں وہ غیر جانبدار امپائر رہے ہیں۔

علیم دارنے سب سے زیادہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ 2007 میں کی تھی اس سال انہوں نے26 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ہیں۔

علیم دار نے 210 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں میدان پر امپائرنگ کرنے کے علاوہ 65 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ٹیلی ویژن پر تیسرے امپائر کے فرائض بھی انجام دیئے ہیں۔

دائیں ہاتھ سے بلے بازی اور لیگ بریک بالنگ کرانے والے علیم دارنے1986 اور 1998کے درمیان18 ایک روزہ میچ اور 17فرسٹ کلاس میچوں میں بھی شرکت کی ہے۔

انہوں نے فرسٹ کلاس میچوں میں 270 رن اور11 وکٹ لئے ہیں جبکہ ایک روزہ میچوں وہ 179 رن بنانے میں کامیاب اور15 وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں۔

علیم دار نے 132 ٹسٹ اور 46 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ہیں۔ انکا شمار بے حد اچھے امپائروں میں کیا جاتا ہے اور انکے فیصلوں کو جب بھی چیلنج کیا گیا، زیادہ تر فیصلے درست ہی ثابت ہوئے ہیں۔ فیصل فیچرس

اپنا تبصرہ بھیجیں