شاہ رخ خان چار برس بعد ایڈن گارڈنز میں

شاہ رخ خان چار برس بعد ایڈن گارڈنز میں

انڈیا میں کوئی میچ ہو اور ورات کوہلی وہ میچ کھیل رہے ہوں تو گراؤنڈ میں ان سے بڑا سپر سٹار کوئی نہیں ہوتا لیکن گذشتہ روز کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں صورتحال ہی کچھ اور تھی کیونکہ انڈیا کے سب سے بڑے سپر سٹار گراؤنڈ میں موجود تھے۔

یہ میچ ورات کوہلی کی رائل چیلنجرز بینگلور اور کلکتہ نائٹ رائڈرز کے درمیان کھیلا جا رہا تھا اور کلکتہ نائٹ رائڈرز کے شریک مالک شاہ رخ خان 2018 کے آئی پی ایل کے بعد پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی ایڈن گارڈنز میں سپورٹ کرنے کے لیے آئے تھے۔

شاہ رخ خان کی ٹیم نے بھی انھیں مایوس نہیں کیا اور کلکتہ نائٹ رائڈرز نے رائل چیلنجرز بینگلور کو 81 رنز کی بھاری شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ جیتا ہے۔

یہ انڈیا میں گذشتہ چند برسوں سے کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے ٹورنامنٹس کے بعد پہلا ایسا ٹورنامنٹ ہے جو تمام شہروں میں کھیلا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ آئی پی ایل کے میچ دیکھنے کے لیے لوگ بڑی تعداد میں گراؤنڈز کا رخ کر رہے ہیں۔
چنئی میں ایم ایس دھونی کی چنئی سپر کنگز کے پہلے میچ میں بھی ہاؤس فل تھا جبکہ گذشتہ روز ایڈن گارڈنز میں بھی تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ تاہم یہاں شاہ رخ خان کی موجودگی نے میچ کو چار چاند لگا دیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں